عوام کی اکثریت کاپرویز مشرف کے استعفے پر خوشی کا اظہار، سروے

گیلپ سروے میں عوام کی اکثریت کا کہنا ہے کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے مستعفی ہونے پر خوش ہیں ۔سروے میں63 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ وہ سابق صدر کے استعفیٰ سے خوش ہیں ۔پندرہ فیصد کے مطابق وہ اس فیصلے سے خوش نہیں جب کہ بیس فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کوئی تاثر نہیں رکھتے ۔سابق صدر پرویز مشرف کے نو سالہ دور کو گیارہ فیصد عوام نے بہت اچھا ،اٹھارہ فیصد نے مناسب ،تیس فیصد نے برا اور چالیس فیصد نے بہت برا قرار دیا ۔استعفیٰ کے اعلان کے وقت سابق صدر کی اپنے دور حکومت کی کارگزاریوں کی تفصیلات میں سے زیادہ تر کو چھبیس فیصد عوام نے درست ،چونسٹھ فیصد نے غلط اور دس فیصد نے اس بارے میں کوئی رائے نہیں دی۔سروے میں پچپن فیصد عوام کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے استعفیٰ سے ملک کی حالت بہتر،انیس فیصد کے مطابق خراب اور انیس فیصد کا کہنا تھا کہ اس سے ملک کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔سابق صدر کے خلاف قانونی کارروائی کی پینسٹھ فیصد عوام نے حمایت اور چھبیس فیصد نے مخالفت کی ، نو فیصدعوام نے کوئی رائے نہیں دی ۔ سروے میں انچاس فیصد نے کہا کہ اگر وہ جج ہوتے اور ان کے سامنے سابق صدر کا مقدمہ لایاگیا تو وہ انہیں سخت سزا دیں گے ۔تیئیس فیصد عوام نے مناسب سزا جب کہ انیس فیصد کا کہنا تھا کہ وہ کوئی سزا نہیں دیں گے ۔پچیس فیصد عوام نے سابق صدر کے اس نظریے کی تائید کی کہ وہ'' سب سے پہلے پاکستان'' کے لیے مستعفی ہوئے ستر فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ کیا جب کہ پانچ فیصد نے کوئی رائے نہیں دی ۔



Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.