شعیب اختر کی آج کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ میں شرکت متوقع

پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر انگلش کاؤنٹی سرے کے ساتھ معاہدے کے بعد شاید جمعرات کو ہی کلب کے لئے پہلی دفعہ کرکٹ کھیلیں گے۔ شعیب نے اس سال انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی بالکل نہیں کی۔ اب ان کی کوشش ہوگی کہ وہ کنیٹربری میں سرے کو کینٹ کے خلاف جمعرات کو شروع ہونے والا چار روزہ میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کریں۔ شعیب پہلے سمرسٹ، ڈرہم اور ووسٹرشائر کے لئے کھیل چکے ہیں اور اب انہوں نے سرے کی ٹیم میں شامل ہونے پر بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ وہ پہلے ہی سرے کے لئے کھیلنے آ جاتے لیکن بھارت میں کچھ کمرشل مصروفیات اور پھر والدہ کی علالت کی وجہ سے انہیں پروگرام بدلنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بالکل فٹ ہیں اور انہوں نے وزن بھی کم کیا ہے تاکہ وہ پندرہ سے بیس اوورز بولنگ کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو تینوں میچ جتوانے کی پوری کوشش کریں گے۔ پاکستان کے متنازعہ فاسٹ بولر شعیب اختر سرے میں شمولیت اختیار کر کے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں حیران کن واپسی کر سکتے ہیں۔ 33 سالہ کرکٹر کی خواہش ہے کہ انہیں دوبارہ پاکستان کی ٹیم میں شامل کرلیا جائے۔ انہیں پانچ سال کے لئے معطل کر دیا گیا تھا جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔ سرے ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے اور یہ ٹیم پوائنٹ ٹیبل میں سب سے نیچے آئی ہوئی ہے۔ ٹیم کے کوچ ایلن بچر کا کہنا ہے کہ ہم نے شعیب سے بات کی ہے، دیکھتے ہیں کہ آیا یہ ممکن ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ممکن ہوا تو ہماری ٹیم کے لئے بہت اچھا ہوگا۔ اس کام میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ قانونی دستاویز ہیں جن کے لئے تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو کم سے کم تین ہفتے انگلینڈ میں گزارنے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب بھی اس سلسلے میں بہت دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں کیونکہ وہ پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کے خواہش مند ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ یہ کلب ان کے لئے پاکستانی ٹیم شامل ہونے کے لئے ایک سیڑھی کا کام کرے گا۔ شعیب نے تین انگلش کاؤنٹی ٹیموں کی طرف سے میچ کھیلے ہیں جو سمرسٹ، ڈرہم اور ووسٹرشائر ہے۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.