ٹیسٹ اور ون ڈے میچز کی تعداد میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے، لاسن
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ جیف لاسن نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا التوا کھیل، کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے مایوس کن ہے یہ عمل افسوسناک ہے۔ بدھ کو قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیف لاسن نے کہا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پچھلے سال پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے سب سے پہلے پاکستان آنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کے پروگراموں میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی نہ ہونے سے پاکستانی ٹیم کو بہت زیادہ نقصان ہوا اس سال پاکستان کے شیڈول میں ٹیسٹ میچوں کا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نظریں اب اگلے سال جنوری میں بھارت کیخلاف ہونے والی سیریز پر مرکوز ہیں، ہمیں اس سیریز میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف سیریز میں ہمیں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی یہ ایک مشکل معرکہ آرائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان سے واپس نہیں لی گئی بلکہ اسے ملتوی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بہت زیادہ خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال عالمی کرکٹ کی بہت زیادہ بہتات ہے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی بھی منعقد ہو گی پاکستان کو اگلے سال ٹیسٹ میچوں پر بھی توجہ مرکوز رکھنا ہو گی۔
|