ایم کیو ایم کو تنہا کرنے کی سازش کرنیوالے خود تنہا ہوچکے، الطاف حسین
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ کافضل وکرم ہے کہ ایم کیوایم کو سیاسی طورپرتنہا کرنے کی گھناوٴنی کوششیں کرنے والے آج خودتنہاہوچکے ہیں۔ کراچی میں ایم کیوایم کے لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، لائنزایریا،گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ناظم آبادگلبہار، نارتھ کراچی،نیوکراچی اورپاک کالونی سیکٹرز میں علیحدہ علیحدہ فون کرکے سیکٹرزکی کمیٹیوں کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے سیکٹرزکمیٹیوں کے ارکان سے تنظیمی کارکردگی اورموجودہ سیاسی صورتحال پربات چیت کی اور ہدایت کی کہ کارکن سیاسی حالات پر نظر رکھیں اور اپنے اتحاد کو مضبوط بنائیں،سیکٹرزکے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہدمیں مختلف اتارچڑھاوٴآتے رہے ہیں اوراسے ختم کرنے کیلئے مخالف قوتوں کی جانب سے طرح طرح کے ہتھکنڈے اختیارکئے جاتے رہے، اس کے خلاف بدترین ریاستی آپریشن کیاگیا، ایم کیوایم کے ہزاروں بے گناہ کارکنوں کوبیدردی سے شہید کردیاگیالیکن ایم کیوایم کوختم نہیں کیاجاسکااورآج ایم کیوایم کاپیغام کراچی سے نکل کرملک کے چاروں صوبوں اورآزادکشمیرمیں بھی پہنچ چکاہے اورملک کے محروم ومظلوم عوام ایم کیوایم کے قافلے میں شامل ہورہے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ سال 12مئی کے واقعہ کے بعدایک بارپھرمیڈیاکے ذریعے ایم کیوایم کے خلاف زہریلاپروپیگنڈہ کیاگیا،مختلف فسادی گروپ تشکیل دیئے گئے، لندن میں ہونے والی سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیزکانفرنس میں یہ اعلان کیاگیاکہ ایم کیوایم سے معاہدہ نہیں کیاجائے گا لیکن اللہ تعالیٰ کافضل وکرم ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف کی گئی تمام گھناوٴنی سازشیں ناکامی سے دوچارہوئیں اورایم کیوایم کو سیاسی طورپرتنہا کرنے کی کوششیں کرنے والے آج خودتنہاہوچکے ہیں۔ الطا ف حسین نے سیکٹرزکمیٹیوں کے ارکان سے کہاکہ وہ سیاسی حالات وواقعات پر نظررکھیں، اپنے اتحادکو مضبوط بنائیں اورتنظیمی کارکردگی کو مزید بہتربنائیں۔ الطاف حسین نے سیکٹرزکے ارکان کورمضان المبارک کی مبارکباددی، ثابت قدمی سے تحریکی فرائض انجام دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سیکٹرزکے ارکان سے کہاکہ آپ اپنے یونٹوں کے کارکنوں اورعلاقے کے عوام ماوٴں، بہنوں، بزرگوں اوربچوں کوبھی میراسلام کہیں اورتمام ترمشکلات کے باوجودتحریک کاساتھ دینے پر انہیں میری طرف سے خراج تحسین پیش کریں۔
|