اسلام آباد ہائی کورٹ ، مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل ، اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف، شوکت عزیز اور آفتاب شیر پاؤ کے خلاف مقدمے کے اندراج اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست پر اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیئے اور اس سے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد اسلم نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل خواجہ اظہر رشید ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو سات ماہ تک جھوٹے مقدمات میں نظر بند رکھا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا جبکہ اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے بھی رابطہ کرنے پر سیشن جج کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح نہیں کہ مستعفی صدر کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ضلعی انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا جبکہ اسی عدالت نے سردار ظہیر احمد خان ایڈووکیٹ کی طرف سے آصف علی زرداری کی ذہنی صحت اور آئینی کی دفعہ اکتالیس‘اکسٹھ اور باسٹھ کے حوالے سے صدارتی اہلیت سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ چیف جسٹس سردار محمد اسلم نے درخواست گزار کو صدارتی الیکشن کے بعد آصف علی زرداری کی اہلیت چیلنج کرنے سے متعلق درخواست دائر کرنے کی اجازت دیدی۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.