مسلم لیگ ن کا صدارتی انتخاب میں مشترکہ امیدوار لانے کے لئے مسلم لیگ ق سے باضابطہ رابطہ
مسلم لیگ نواز نے صدارتی انتخاب میں مشترکہ امیدوار لانے اور پارٹی اتحاد کے لئے مسلم لیگ (ق) سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے۔نواز لیگ کے سینیٹر اسحاق ڈار اور سابق وزیراعلی سندھ غوث علی شاہ نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سید سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز لیگ کے رہنماؤں نے (ق) لیگ کی قیادت سے مشاہد حسین سید کو دستبردار کرنے اور دونوں جماعتوں کو ایک کرنے پر بات ہوئی تاہم مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے اپنے صدارتی امیدوار کو دستبردار کر انے کے بجائے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو دستبردار کرانے کا مطالبہ کیا۔مسلم لیگ (ق)کے رہنماؤںنے معاملات طے ہونے پر اتحاد کی تجویز دی تاکہ مسلم لیگ (ق)کی شناخت برقرار رہے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہے جس کی وجہ سے یہ ملاقات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکی تاہم مستقبل میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
|