ن لیگ سے اتحاد کا امکان ہے نہ صدارتی امیدوار دستبردار کرائینگے، شجاعت

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے صدارتی امیدوار دستبردار نہیں ہوں گے اور اس حوالے سے پی ایم ایل (ن) کے ساتھ اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے ، صدارتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ وہ بدھ کے روز پشاور میں مسلم لیگ (ق) کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نمبر گیمز میں نہیں پڑنا چاہتے ہم نے بہترین صدارتی امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ہارس ٹریڈنگ ہوتی تھی اب ”کھوتا“ (گدھا )ٹریڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے انہیں مخصوص پارٹی میں شمولیت کی دعوت اور دیگر پیشکشیں کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے صدارتی امیدوار سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ وہ میدان سے بھاگنے والے نہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی اور بین الاقوامی طور پر کئے گئے سرویز میں وہ سب سے بہترین صدارتی امیدوار کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے ایک بار پھر پی پی پی کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کو مناظرے کا چیلنج دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم ہاؤس کو صدارتی انتخابات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے سرکاری وسائل کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔


Copyright 2007 NEXTWERK INC. All rights reserved.